خستہ حال ٹریک کے باعث کراچی ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا، رپورٹ

141

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ایکسپریس ٹرین حادثہ کی ابتدائی رپورٹ مرتب کر لی گئی، ریلوے حکام نے جوائنٹ سرٹیفکیٹ وزیر ریلوے اعظم سواتی کو بھجوادیا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق ٹریک کی خستہ حالی کے باعث کراچی ایکسپریس کی بوگیاں ڈی ریل ہوئیں۔ انکوائری کمیٹی نے کراچی ایکسپریس کی ڈی ریلمنٹ کی ابتدائی رپورٹ مکمل کرنے کے بعد وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کو بھجوا دی، رپورٹ کے مطابق حادثہ ٹریک کی خستہ حالی کے باعث پیش آیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ حادثہ کے بعد490 کلومیٹر پر ٹریک فش پلیٹ تازہ ٹوٹی پائی گئی ہے۔ 490کلومیٹر پر ڈیڑھ فٹ ٹریک کا ٹکڑا ٹوٹا ہواپایا گیا۔ کوچ نمبر12306 اور12412 کے درمیان کپلنگ ٹوٹا ہوا تھا، کلومیٹر نمبر491 سے492 تک ٹریک کمزور ہونے کے باعث انجینئرنگ رکاوٹ اور اسپیڈ 65 کلومیٹر مقرر تھی۔ ڈرائیور نے کاشن انڈیکیٹر کا مشاہدہ کیا اوراسپیڈ 65 کلومیٹر پر کنٹرول کرنے کیلیے پریشر بریک لگائی، ٹرین 2402 فٹ گھسیٹی گئی جو ظاہر کرتی ہے کہ اوور اسپیڈ تھی۔ انجن ڈیٹا اور ٹریک فرانزک رپورٹ سے ذمے داری کا تعین کیا جاسکے گا۔