مہنگائی بے قابو: مرغی، آٹا چینی سمیت متعدد اشیاء مزید مہنگی

157

کراچی/ سرگودھا (اسٹاف رپورٹر+ صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان کے مہنگائی کے خلاف جہاد کے اعلان کے بعد ملک بھر میں مہنگائی کنٹرول سے باہر ہوگئی، مرغی کا گوشت 500 روپے کلو تک پہنچ گیا، چینی 105، آٹا 80 روپے، دودھ 130 روپے کلو اور انڈے 165 روپے درجن ہوگئے، ہوٹل مالکان نے روٹی اور سالن کی قیمتیںبھی بڑھا دیں، غریب عوام کا جینا مزید دوبھر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میں مرغی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمت کی وجہ سے غریب تو دور متوسط طبقے کے عوام کیلیے بھی مرغی کھانا خواب بن گیا، کراچی میں مرغی کا گوشت 480 سے 500 روپے کلو تک پہنچ گیا۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اپنی ذمے داری نبھانے میں ناکام ہوگئی ہیں اور شہری انتظامیہ نے بھی آنکھیں بند کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے منافع خوروں کا شہریوں کو لوٹنا مزید آسان ہوگیا ہے جبکہ پولٹری فارمرز کا کہنا ہے کہ مرغیوں کی خوراک دگنی مہنگی ہوگئی ہے اس لیے مرغی مہنگی ہوگئی۔ دوسری جانب موسم گرما میں 70 روپے فروخت ہونے والے انڈے 2روز قبل 150 روپے فی درجن تھے جو کہ اب 165 روپے فی درجن ہوگئے ہیں، چینی 92 روپے سے بڑھ کر 105 روپے کلو تک میںفروخت کی جارہی ہے، 15 کلو فائن آٹا 980 روپے سے بڑھ کر 1020 روپے، جبکہ کھلا آٹا 70 روپے سے بڑھ کر 75 سے 80 روپے کلو میں مل رہا ہے جبکہ دودھ فروشوں نے بھی دودھ اور دہی کی قیمتوں میں 5 سے 10 روپے فی کلو اضافہ کردیا ہے۔ آٹے کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے روٹی کی قیمت میں بھی ایک تا 2 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور ہوٹل مالکان نے سبزیوں، گوشت اور دال وغیرہ کی فی پلیٹ پر بھی 5 سے 10 روپے کا اضافہ کردیا ہے۔