وزیراعظم کا خوردنی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کم کرنیکا حکم

241
اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کھانے پینے کی اشیاء پر زر تلافی دینے کے حوالے سے اجلاس کررہے ہیں

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو خوردنی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات پر عاید ٹیکسز میں کمی کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ آٹے، چینی جیسی بنیادی اشیا کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، بنیادی اشیائے ضروریہ کے ضمن میں مستحق اور غریب افراد کو براہ راست سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے پروگرام تشکیل دیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سبسڈی براہ راست مستحق افراد کو میسر آئے گی بلکہ سبسڈی کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ملک میں گندم کی پیداوار، کھپت اور ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے حکمت عملی سمیت گندم اور آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے، چینی کی پیداوار اور قیمتوں کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور خوردنی تیل، پیٹرولیم مصنوعات و گیس کی قیمتوں میں ممکنہ حد تک کمی کو یقینی بنانے کیلیے بھی مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب میں ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آٹے جیسی بنیادی خوراک کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو جب کہ گندم کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔