سعودی تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیوں؟

284

ریاض: مشرقی سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر اتوار کو ہونے والے حملے کے بعد عالمی برادری کی جانب سے اس اقدام کی شدید مذمت کی گئی ہے جبکہ سعودی حکومت نے تیل تنصیبات پر حملے کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

بین الاقوامی  میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد تیل کی قیمت میں بھاری اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں میں اس کی قیمت 70 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کرگئی ہے جو کورونا وائرس کے آغاز کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا اضافہ ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیائی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کے مئی کے سودوں میں قیمت 71.38 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے جو 8 جنوری 2020 کے بعد سے سب سے زیادہ ہے جبکہ اس کے علاوہ سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 2 سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت میں اپریل کے لیے 1.60 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 67.98 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے جو اکتوبر 2018 کے بعد سب سے زیادہ قیمت ہے۔

خیال رہے کہ حوثی باغیوں نے اتوار کے روز دنیا کے سب سے بڑے تیل کے ٹرمینل سعودی آرمکو سمیت دیگر آئل تنصیبات کو ڈرون اور میزائلوں سے نشانہ بنایا جسے فوری طور پر ناکام بنادیا گیا جبکہ سعودی عرب کے جن تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ 6.5 ملین بیرل تیل کی ایکسپورٹ کی صلاحیت رکھتے ہیں جو تیل کی طلب کا 7 فیصد ہے۔

دوسری جانب خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نایف الحجرف کا کہنا ہے کہ ان دہشتگرد حملوں نے نہ صرف مملکت کی سلامتی اور اقتصادی صلاحیتوں کو ہدف بنایا ہے بلکہ عالمی معیشت ، تیل کی ترسیل کے اعصابی مرکز اور عالمی توانائی کی سکیورٹی کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

نایف الحجرف کا کہناہے کہ خلیجی ریاستیں مملکت کے ساتھ کھڑی ہیں اور خلیج تعاون کونسل سعودی عرب کی جانب سے اپنی قومی تنصیبات اور صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔

واضح رہے بحرین نے بھی سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور کہاہےکہ یہ حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں جبکہ  جبوتی کے صدر اسماعیل عمر گویلہ نے  بھی مملکت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاہےکہ وہ اس دہشت گردی کا خاتمہ کرے جو بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہے۔