عالمی برادری جعلی ویکسین کے پھیلاؤ کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کرے، پاکستان

245

نیویارک: اقوام متحدہ کے 14ویں کرائم کانگریس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا ہے  کہ عالمی برادری کو مل کر کورونا کی جعلی ویکسین کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

منیر اکرم نے کہا کہ کورونا کی اس موجودہ صورتحال میں جعل سازی کے نئے رجحانات سامنے آئے ہیں جن کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ اس معاملے میں  دوا سازی کے عالمی ادروں کا اشتراک بھی اہمیت کا حامل ہے تاکہ دنیا اس سے محفوظ رہ سکے۔ ایسے جرائم کا ارتکاب کرنے اور ایجنڈہ 2030 کی طرف پیشرفت کو نقصان پہنچانے والے نیٹ ورکس اور پلیٹ فارم کو ختم کرنے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

منیر اکرم نے مزید کہا کہ جرائم کی روک تھام اور قانون کی حکمرانی کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے پہلے ہی دنیا کورونا کی وباء سے مشکلات کا شکار ہے ترقی یافتہ ممالک کی معیشت کو بھی سخت خطرات لاحق ہوئے ہیں۔