پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کیلئے یوسف رضا گیلانی کو امیدوار نامزد کردیا

276

اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے چیئرمین سینیٹ کیلئے پیپلز پارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ سربراہی اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ کے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا، سربراہی اجلاس میں شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری، قائد مسلم لیگ نون میاں نواز شریف، سردار اختر مینگل نے ویڈیو لنک سے شرکت جبکہ مریم نواز، بلاول زرداری، فضل الرحمان، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، شیری رحمان، قمر الزمان کائرہ، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور دیگر جماعتوں کے سربراہوں و اراکین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

پی ڈی ایم اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے شرکاء سے تجاویز مانگی اور بحث کی گئی، پیپلز پارٹی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار بنانے کی تجویز پیش کی گئی ۔ اجلاس میں قائد مسلم لیگ نون میاں نواز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق کیا اور مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

تحریک عدم اعتماد

اجلاس میں وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد اور پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف عدم اعتماد لانے کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کا اختیار مسلم لیگ نون کو دینے کی تجویز دی گئی، پنجاب میں اکثریتی جماعت ہونے پر حتمی فیصلہ نون لیگ ہی کرے گی اور تحریک عدم اعتماد کب  اور کیسے لانی ہے یہ فیصلہ بھی نون لیگ کرے گی جبکہ پیپلز پارٹی تحریک عدم اعتماد پر نون لیگ کے ہر فیصلے کی حمایت کرے گی اور تحریک کی کامیابی کیلئے کردار ادا کرے گی۔

لانگ مارچ

اجلاس کے دوران لانگ مارچ کے لئے قائم خصوصی کمیٹی نے سفارشات پیش کیں، سفارشات میں کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کے ساتھ شروع کیا جائے، تمام جلوس 30 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچیں گے، تمام جماعتیں زیادہ سے زیادہ افراد کو لانے کے لئے پوری طرح متحرک ہوں، تمام جماعتیں اپنے اخراجات خود برداشت کریں گی۔

کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ لانگ مارچ کے لئے لوگوں کو متحرک کرنے کے لئے ایک مشترکہ نظم تیار کیا جائے، تاجروں ، کسانوں اور مزدور یونینوں سے رابطہ کیا جائے اور انہیں مکمل طور پر متحرک کیا جائے، دھرنے کے مقام پر شرکاء کے پہنچنے سے قبل انتظامات کئے جائے۔