نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا

378

اسلام آباد: تھانہ گولڑہ کے علاقے جی 13 میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے  پولیس اہلکار شہید اور دو سب انسپکٹر زخمی ہوگیے جبکہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل قاسم کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق  پولیس کا کہنا ہےکہ فائرنگ کا واقعہ تھانہ گولڑہ کے علاقے جی 13 میں پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے گشت پر موجود پولیس پارٹی کو نشانہ بنایا جبکہ فائرنگ سے  زخمی ہوجانے والے  اہلکاروں کو فورا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ہیڈ کانسٹیبل قاسم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل سمیت مزید 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے جن  میں سب انسپکٹر جمیل اور کانسٹیبل قیصر شامل ہیں اور دونوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

پولیس ڈاکٹر کے مطابق ایک اہلکار کو دل کے پاس گولی لگی تھی جبکہ دوسرے کو پسلیوں میں لگی ہے اور سب انسپکٹر جمیل کو کھندے پر گولی لگی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پولیس افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گیے ہیں اور ملزمان کی تلاش شروع کردی  ہے۔

واضح رہے  گزشتہ روز بھی راولپنڈی تھانہ ریس کورس کے ایس ایچ او میاں عمران کو گھر سے گاڑی میں نکلے تو نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کرکے ان کو شہید کردیا تھا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل قاسم کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی ہے جبکہ نماز جنازہ میں آئی جی اسلام آباد ، ڈی آئی جی آپریشنز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔