پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ جاری

429

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور نئے کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جبکہ گزشتہ روز کی  مثبت کیسز کی شرح 4.6 فیصد رہی ہے اور کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 592 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 22افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ اس بیماری سے 1 ہزار 210 مریض شفایاب ہو گئے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار 227 ہو گئی ہے جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 92 ہزار 100 ہو چکی ہے۔

این سی او سی کے مطابق   24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 34 ہزار 347ٹیسٹ کیے گیے اور اب تک کُل 92 لاکھ 46ہزار 827 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 18 ہزار 415 مریض زیرِ علاج ہیں ، جن میں سے 1 ہزار 609 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور 5 لاکھ 60 ہزار 458 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 59 ہزار 855 ہو چکی ہے جبکہ کُل اموات 4 ہزار 426 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 77 ہزار823 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 5 ہزار 565 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 74 ہزار 27 ہو چکی ہے جبکہ اس سے کُل اموات 2 ہزار 113 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 45 ہزار 740کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ اب تک یہاں کُل 509افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 19 ہزار 117 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 201 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 10 ہزار 579 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 311 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 959 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 102 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔