میرپورخاص،مرغی کے گوشت کی قیمت بلند ترین سطح پر

213

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) میرپور خاص میں مرغی کے گوشت کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، حکومت قیمتوں پر کنٹرول کروانے میں ناکام ہے اور مرغی کا گوشت 460 روپے کلو میں فروخت ہونے لگا، مرغی کے گوشت کی قیمت بڑھنے کی بڑی وجہ پولٹری کے ہول سیل ڈیلر کی جانب سے ڈیمانڈ کے مطابق مرغی فراہم نہ کرنا بتایا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں مرغی کے گوشت کی اونچی اڑان جاری ہے ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے خاص طور پر مرغی کے گوشت کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور مرغی کا گوشت 460 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ہوٹلوں اور کڑاہی گوشت کے ہوٹلوں پر تکے پر 50 روپے اور کڑاہی گوشت کی قیمت میں 200 روپے فی کلو تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے رٹیلرز کا کہنا ہے کہ مرغی کے ہول سیلرز کی جانب سے ڈیمانڈ کے مطابق مارکیٹ میں مرغی فراہم نہ کرنا ہے جس کی وجہ سے مرغی کے گوشت کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے قیمتوں پر کنٹرول کرنے کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کے ہول سیلرز کے خلاف کارروائی کر کے قیمتوں پر کنٹرول کیا جائے۔