اسلا م ہی خواتین کے حقوق کا محافظ اور ضامن ہے، بشریٰ صادقہ

183

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت ’’عالمی یوم خواتین‘‘ کے موقع پر مقامی ہوٹل میں ’’عورت معاشرے کی بنیادی اکائی ‘‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس سے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل بشری صادقہ،ضلعی ناظمہ فوزیہ محبوب ،نائب ناظمہ ڈاکٹرفہمیدہ الیاس،انچارج تعلقات عامہ عفیفہ صدیقی خطاب کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی حلقہ خواتین نے آج بروز پیر8مارچ کو خواتین کے حقوق کے حصول کے سلسلے میں آگاہی واک کرنے کا اعلان کیا۔رہنمائوں نے کہاکہ خواتین معاشرے کا آدھاحصہ ہے، میڈیا اور حکومتی سطح پر معاشرے کا آدھا حصہ نظر انداز کیا جا رہا ہے،اسلام میں عورت کے اخراجات کی ذمے داری شوہر، باپ، بھائی، رشتے دار معاشرے سمیت ریاست پر عاید ہوتی ہے۔ موجودہ دور میں میڈیا عورت کی شخصیت کو مجروح کرتے ہوئے اسے بے وفا اور بے اعتبار دکھانے کی کوشش کر رہا ہے، یہ سب کس ایجنڈے کے تحت ہورہا ہے؟عورت کو بے وقعت کرنے اور اشتہار میں استعمال کرنے کے لیے میڈیا کو استعمال کیا جا رہا ہے عورت کے حقوق کے لیے بات کرنے والی این جی اوز بھی ٹھیکیداری نظام کے خاتمے کے لیے بات نہیں کرتیں۔ بشری صادقہ نے کہا کہ اسلا م ہی خواتین کے حقوق کا محافظ اور ضامن ہے، اسلام کے عدل وانصاف پر مبنی معاشرے میں مردوعورت دونوں قابل احترام ہیں، حقوق وفرائض کی رسہ کشی سے منفی رویے جنم لیتے ہیں، آج کی سسکتی اور حقوق کی دوڑ میں سرگرداں عورت کے لیے جائے پناہ صرف اسلام کا دامن ہے،موجودہ دور میں آزادی نسواں کے دلفریب نعروں کی بدولت عورت دہری ذمے داریاںبرداشت کرنے پر مجبور ہے۔جس کی وجہ سے معاشرے کی بنیادی اکائی خاندان متاثر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی خواتین اس بات کا عزم کرتی ہیں کہ عورت کو اس کے اصل حقوق دلانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے، عورت کو اس کا حق نبی ؐ کی تعلیمات کے مطابق دیا جائے، اسلام نے عورت کو معاشی، تعلیمی، معاشرتی سمیت تمام حقوق دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عورت کو کاروکاری، قرآن سے شادی سمیت دیگر معاملات پر قانون سازی کی ضرورت ہے، موجودہ دور میں عورت کے حقیقی مسائل اجاگر کیے جائیں۔