پی ایس ایل 6 التوا پی سی بی نے ایس او پیز کے حوالے سے 2 رکنی کمیٹی قائم کردی

227

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر سید فیصل محمود اور ڈاکٹر سلمہ محمدعباس پر مشتمل 2 رکنی فیکٹ فائنڈنگ پینل کااعلان کردیا گیا ۔ یہ پینل پاکستان سپر لیگ 6 کے لیے مقررہ بائیو سیکیور پروٹوکولز اور اس سے جڑے ضمنی قوانین کا ازسرنو جائزہ لے گا۔ڈاکٹر سید فیصل محمود آغا خان یونیورسٹی میں شعبہ وبائی امراض میں بطورسیکشن ہیڈ اور اسسٹنٹ پروفیسر ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ ڈاکٹر سلمہ محمد عباس شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال اور ریسرچ سینٹرلاہور میں بطور کنسلٹنٹ برائے وبائی امراض اینڈ جنرل میڈیسن کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہی ہیں۔یہ پینل31 مارچ تک اپنی سفارشات اور تجاویز چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو پیش کرے گا۔اس آزاد پینل کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ پاکستان سپر لیگ 6 کے لیے تیار کردہ کویڈ 19 ایس او پیز کا ایک جامع اور تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وہاں موجود کسی بھی خامی کی نشاندہی کرے اور سفارشات پیش کرے کہ یہ بائیو سیکیور ماحول کوویڈ فری کیوں نہ رہ سکا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور اپنے میچ آفیشلز کی صحت اور حفاظت سے متعلق بہت سنجیدہ ہے، ہم زمبابوے اور جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز اور حالیہ ڈومیسٹک سیزن کے 9 ٹورنامنٹس میں اس کا عملی مظاہرہ بھی کرچکے ہیں اس میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ، قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ2 ماہرین پر مشتمل اس آزاد پینل کی تقرری کا واحد مقصد ایماندارانہ ، تعمیری اور بامقصد جائزہ لینا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ یہ آزاد پینل ایونٹ اور ہوٹل کے عملے ، میڈیکل اینڈ کمپلائنز افسران، ٹیموں کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ قائم کرے گا تاکہ ہمیں بہتر اندازہ ہوسکے کہ یہ کیسز کیسے سامنے آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تفصیلی جائزے کے بعد یہ آزاد پینل اپنی سفارشات ہمیں پیش کرے گا۔