جے یو آئی کی جنرل کونسل کا اجلاس،لانگ مارچ کی حکمت عملی طے

80

سکھر (نمائندہ جسارت) جامعہ حمادیہ منزل گاہ سکھر میں جے یو آئی کی مرکزی جنرل کونسل کا ایک اہم 2 روزہ اجلاس مرکزی امیر قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری و پارلیمانی لیڈر مفتی سعود محمود، قائد سندھ علامہ راشد محمود سومرو سمیت ملک بھر سے ایک ہزار سے زاید مرکزی جنرل کونسل کے اراکین نے شریک ہوئے، جے یو آئی کے مقامی ترجمان مولانا عبدالحق مہر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی، صورتحال پر تفصیلی غور اور موجودہ حکومت کے خلاف پی ڈی ایم کی جانب سے 26 مارچ کو ہونے والے تاریخی لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کے لیے حکمت عملی طے کی گئی، اجلاس میں ملک کی بگڑتی معاشی صورتحال اور تاریخ کی بدترین مہنگائی اور بے روزگاری اور بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ وفاقی حکومت کو تاریخ کی نااہل اور ناکام اور عوام دشمن حکومت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ملک کو بچانے کے لیے موجودہ حکومت کو ہٹایا جانا ناگزیر بن چکا ہے، اجلاس میں نام نہاد اعتماد کے ووٹ کو بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس کے بعد عمران خان مذاق اعظم بن چکے ہیں۔