پاکستان ورکرز فیڈریشن جنوبی پنجاب کے مطالبات

225

پاکستان ورکرز فیڈریشن جنوبی پنجاب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ملتان میں مختار اعوان صدر فیڈریشن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی صورت حال پر غور کرتے ہوئے مہنگائی بالخصوص اشیاء خردونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ۔ امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بے روزگاری پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان حالات میں سب سے زیادہ متاثر مزدور طبقہ ہی ہو رہا ہے۔ حکومت ان حالات کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے لگتا ہے کہ مزدور انکی ترجیحات میں شامل ہی نہیں مزدوروں اور غریب عوام کا ان حالات میں جینا مشکل ہوتا جا رہا ہے مختار اعوان نے کہا کہ پچھلے بجٹ میں سرکاری ملازمین اور صنعتی و تجارتی مزدوروں کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ اب نیا بجٹ آنے کے قریب ہے لیکن حالات سے لگتا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں بھی تنخواہوں اور پنشنوں میں اضافہ کرنے کا کوئی ارادہ نہ رکھتی ہے جبکہ سرکاری ملازمین نے اسلام آباد میں حکومت کے خلاف تنخواہیں نہ بڑھانے پر بھرپور احتجاج کیا تھا تب جا کر حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے لیکن صنعتی و تجارتی مزدوروں اور ریٹائرڈ بوڑھے ورکرز کو اس میں شامل نہیں کیا گیا جو کہ انتہائی قابل افسوس عمل ہے میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ منیمم ویجز میں اضافہ نہ کرنے اور ریٹائرڈ سرکاری و صنعتی ملازمین کی پنشن میں اضافہ نہ کیے جانے کا نوٹس لیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں کیونکہ ماضی میں ہر سال یکم جولائی سے تمام سرکاری اور پرائیویٹ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنوں میں اکٹھا ہی اضافہ کیا جاتا رہا ہے لیکن اب اس نوٹیفکیشن میں صرف سرکاری حاضر سروس ملازمین کو شامل کیا گیا ہے اور صنعتی و تجارتی کارکنوں کے علاوہ سرکاری اور پرائیویٹ بوڑھے پنشنرز۔ لاکھوں بیوائوں اور یتیموں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے جو بہت بڑی زیادتی اور ظلم ہے۔ انہیں ان کے بنیادی حق سے بھی محروم کیا جارہا ہے۔ اجلاس نے متفقہ طور پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر منیمم ویجز اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 25 فیصد اضافے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ مہنگائی پر قابو پایا جائے سوشل سیکورٹی اور EOBI میں تمام مزدوروں کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے۔ ریٹائرڈ صنعتی وتجارتی کارکنوں کو بھی سوشل سیکورٹی اسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے اجلاس میں مظہر لاشاری، عبدالرحمان عاصی، آصف ندیم، مصور حسین قریشی، ملک وحید رجوانہ، حامد حسن، سکندر نیازی، ملک اصغر ڈوگر، ملک عرفان اتیرا، آصف اقبال، ہدایت اللہ، اشفاق عاندی عبدالرحمان کھلول، آصف حسین، افضل محمود اور مسز صبیحہ اشرف نے شرکت کی۔