وزیراعظم احساس محرومی کا بدلہ ملک و قوم کو تباہ کرکے نہ لیں، رانا تنویرحسین

304

مریدکے (آن لائن) چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان اگر کسی وجہ سے احساس محرومی کا شکار ہیں تو وہ اس کا بدلہ قوم کی اخلاقیات اور ملک کو تباہ کرکے نہ لیں ورنہ اس کا خمیازہ پوری قوم کو کئی سال تک بھگتنا پڑے گا۔ آن لائن سے خصوصی گفتگو میں رانا تنویر نے کہا کہ اسلام آباد میں مسلم لیگ(ن) کی سینئر قیادت کے ساتھ ’’نیازی گردی‘‘ نے ریاست مدینہ کے دعویدار کی گالم گلوچ اور بد اخلاقی کی سیاست کو تشدد کی سیاست میں مبتلا کر دیا ہے جس کے نتائج ملک و قوم کیلیے خطرناک ہوں گے۔ عمران خان کی تیار کردہ ’’نیازی فورس‘‘ نے معاشرے کو تقسیم کرنے اور جمہوری روایات کے قتل عام کا سلسلہ شروع کردیا ہے جو ان کے فاشزم کا عملی ثبوت اور آئندہ نسلوں کیلیے نقصان دہ ہے، نیازی حکومت کا جانا ٹھہر چکا ہے اس لیے یہ لوگ اخلاقیات کی تما م حدیں پار کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں رانا تنویر نے کہا کہ اگر عمران خان کی ڈاکٹرائن عددی اکثریت کی ہی کامیابی پر یقین رکھتی ہے تو پھر یوسف رضا گیلانی کے پاس 53 ووٹوں کی اکثریت کو تسلیم کرتے ہوئے اپنا امیدوار واپس لے لیں۔