سیاحت کی ترقی ترجیحات کا اہم حصہ ہے‘ وزیراعلیٰ پختونخوا

119

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمودخان نے کہا ہے کہ سیاحت کی ترقی حکومتی ترجیحات کااہم حصہ ہے، سیاحت کے بے پناہ مواقعوں سے بھر پور استفادہ کرکے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور معیشت کو مضبوط بنیاد پر استوار کرنے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت حکومتی و نجی سرمایہ کار وں کو سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرجون منزیز کمپنی کی طرف سے صوبے کے سرمائی علاقوں میں کھیلوں اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے جون منزیز کمپنی کی طرف سے صوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں باقاعدہ پروپوزل تیار کریں تاکہ اس حوالے سے مزید پیشرفت کے لیے راہ ہموار کی جاسکے۔