نااہل حکمران ہمت کرکے نئے الیکشن کا اعلان کریں، ن لیگ سندھ

126

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوںکے پاس اب حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں اس لیے نئے الیکشن کی طرف جانا چاہیے، نااہل حکمران ہمت کریں اور الیکشن کا اعلان کریں، عوام نے ان کو مسترد کردیا ہے۔ اتوار کو جاری مشترکہ بیان میں لیگی رہنمائوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے سامنے گزشتہ روز کا واقعہ قابل افسوس ہے، شرم و حیا سے عاری ٹولہ اقتدار جاتا دیکھ کر ذاتیات کی سیاست کے بعد باقاعدہ حملوں پر آگیا ہے، حکومت عوام کو سول نافرمانی کی طرف لے جانا چاہتی ہے، مخصوص ایجنڈے پر اقتدار میں آنے والا شخص ملک کی جڑیں کھوکھلی کر رہا ہے۔ وزیراعظم اور وزیر داخلہ اپنی نالائقی چھپانے کے لیے عوام کو اداروں کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کرنا نالائق ٹولے کے بس کی بات نہیں یہ تحمل مزاج اور بردبار لوگوں کا شیوہ ہے۔