گیلانی کی کامیابی نے حکومت کا دماغی توازن بگاڑ دیا، حسن مرتضیٰ

197

فیصل آباد (صباح نیوز) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ سینیٹ کی ایک نشست پر سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی نے حکومتی دماغی توازن ہی بگاڑ کے رکھ دیا، ڈی چوک میں پی ٹی آئی کے شر پسندوں نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان ووٹ کی طاقت سے مسترد کیے جاچکے ہیں جس کے بعد جمہوری اور اخلاقی طور پر انہیں عدم اعتماد کرنے والے 16 حکومتی، اتحادی جماعتوں سمیت اپنی جماعت کے اراکین سے اعتماد کا ووٹ لینے کے بجائے استعفا دینا چاہیے تھا۔ جعلی اجلاس بلا کر جعلی اعتماد کا ووٹ لیاگیا جس کی کوئی وقعت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی قرضوں میں ہر ماہ 397 ارب 60 کروڑ روپے کا اضافہ ہونا حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تجارتی خسارہ ساڑھے 17 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ حکومتی قرضے 358 کھرب 22 ارب 60 کروڑ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئے، حکومت نے عوام کو مہنگائی کی آگ میں جھونک دیا، موجودہ حکومت آئی ایم ایف کی خوشنودی کے لیے عوام دشمنی پر اتر آئی ہے۔