مسلمان بیٹیوں کی بھی اسلام علوم پر دسترس ہونا چاہیے،عبداللہ ناصر

294

کراچی (پ ر)امیر جمعیت اہل حدیث سندھ علامہ عبداللہ ناصر رحمانی نے جامع مسجد محمدی و جامعہ عثمان بن عفان قصبہ موڑ مسلم آبادبنارس کراچی کے زیر اہتمام تقریب حفظ القرآن و تکمیل بخاری شریف کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام بخاری رحمۃ اللہ نے سیکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں میل کا سفر طے کرکے اسلامی علوم کے تشنگان علم کے لیے احادیث رسول اللہؐ کے بحر بیکراں خزانوں کو جمع کرکے بخاری شریف کو اپنے دست مبارک سے قلم بند کیا ۔انہوں نے کہا کہ مدرسہ ہٰذا کے طلبہ اور اساتذہ نے جو علمی محنت کی ہے وہ مبارک باد کے مستحق ہیں ۔ میں ان حفاظ کرام اور مدرسہ ہٰذا کی 25عالمات (طالبات) کو جنہوں نے 6سالہ اسلامی علوم کا کورس کرکے اپنی مائوں اور بہنوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ اسلامی معاشرے کی بہو، بیٹیوں کو بھی اسلامی علوم پر دسترس حاصل کرنی چاہیے تاکہ وہ بھی اپنے خاندان اور معاشرے میں اسلامی قواعد و ضوابط کو سامنے رکھتے ہوئے زندگی گزار سکیں۔ تقریب سے جامعہ ستاریہ الاسلامیہ کے نائب شیخ الحدیث مولانا عبدالحنان سامرودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن مجید کے حقوق کو جاننے والا معاشرہ کبھی بھی بے راہ روی کا شکار نہیں ہوتا بلکہ قرآن مجید کو اپنے سینے میں محفوظ کرنے والے حفاظ کرام اور سامعین کرام جب جب قرآن پڑھ کر اور اسے بامعنی ترجمہ سے پڑھ کر اس پر عمل کرنے والے بن جاتے ہیں تو رب کائنات عرش بریں پر ان کے اس عمل سے خوش ہوجایا کرتے ہیں ۔