عمران خان کی حکومت سندھ اور کسان دشمن ہے ‘اسماعیل راہو

242

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے عمران خان کی حکومت کو سندھ دشمن اور کسان دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق کی ناکام زرعی پالیسی نیززرعی ملک کے کسانوں کو کنگال کردیا ہے۔صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ وفاق کی نااہلی کی وجہ سے سندھ کے کسان شدید مالی مشکلا ت کا شکار ہیں, وفاق نے سندھ کے کسانوں کی اب تک کوئی مددنہیں کی۔اسماعیل راہونے کہاکہ کسانوں کو ابتک زرعی قرضے تک نہیں دیے گئے ۔اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ کا ٹماٹر دو روپے کلو اور ایران کا پچاس روپے میں کلو فروخت ہوا۔ وفاق نے ایران سے ٹماٹر منگواکر، پیاز کی برآمد پر پابندی لگاکرسندھ کے کسانوں کوسڑکوں پر لاکر کھڑا کر دیا، وفاق گندم کی فی من امدادی قیمت 2 ہزار روپے مقرر کرے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت گندم عام مارکیٹ میں 2 ہزار 200 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، درآمد شدہ گندم 2 ہزار 500 سے زائد کی پڑ رہی ہے، درآمدی گندم کا معیار ملکی گندم سے کہیں کم ہے, وفاقی حکومت باہر سے 2ہزار700 روپے میں گندم درآمد کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کے کاشتکار سے 2ہزار میں خریدنے کے لیے تیار نہیں، اگر وفاق کی یہ ہی پالیسی رہی تو کاشتکار گندم اگانا بند کر دے گا, کاشتکاروں کو بینکیں قرضے وصولی کے لیے تنگ کر رہی ہیں۔اسماعیل راہو نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی وجہ سے کاشتکار قرض ادا نہیں کرسکتے، ناانصا فیوں کا ازالہ نہ کیاگیا تو سندھ کے کاشتکاروں میں بے چینی اور بڑھ جائے گی۔