بڑی مچھلیوں کیخلاف مقدمات انجام تک پہنچائیں گے، جاوید اقبال

178

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بڑی مچھلیوں کے خلاف میگا کرپشن مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ چیئرمین نیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی اربوں روپے کی رقوم برآمد کی جائیں گی، تمام تحقیقات کو میرٹ، شفافیت، ٹھوس شواہد اور دستاویزی ثبوتوں کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ ڈی جیز کو ہدایت کی کہ وہ تمام میگا کرپشن کے کیسز کے ساتھ ساتھ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے کیسز کی تازہ ترین رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ گیلانی اور گیلپ سروے کی رپورٹ کے مطابق 59 فیصد لوگوں نے نیب پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، عالمی اقتصادی فورم، پلڈاٹ اور مشال نے بھی بدعنوانی کے خاتمے کیلیے نیب کی کاوشوں کو سراہا ہے۔