دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں ‘سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، مولانا عبد المالک

392
  • کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر رابطۃ المدارس الاسلامی پاکستان شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک نے کہاہے کہ قرآن سے دوری کے باعث ہماری معیشت و معاشرت اور سیاست سمیت دیگر شعبے متاثر ہیں۔ اسلامی ریاست کا قیام اور قرآن و سنت کا نفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ مدارس اسلام کے قلعے اور طلبہ اس کے س210308-01- پاہی ہیں ہم دینی مدارس کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعتہ الاخوان کی ختم بخاری شریف کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب کی صدارت امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کی۔ تقریب سے ڈپٹی سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان مولانا ساجد انور،منتظم اعلی جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان مولانا شمشیر شاہد،مدیرجامعتہ الاخوان و اخوت مولانا عبدالوحید،مولاناضمیراختر منصور ی اور دیگر نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر مولانا احسن بھٹو،امیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ، قاری محمد احمد،ناظم جامعتہ الاخوان آدم سمیع سمیت علما و مشائخ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مفتیان کرام، قراء عظام و تکمیل حفظ القرآن کرنے والو ں کی دستار بندی کی گئی۔طلبہ نے نعتیںاور ترانے بھی پیش کئے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان کلمے کی بنیاد پر اور اسلامی نظام کے قیام کے لیے حاصل کیا گیا ،ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے اسلامی نظام کا قیام ضروری ہے ۔جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدو جہد کر رہی ہے ۔ تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علما و مشائخ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ دینی علوم ہماری تہذیب و تمدن کی ضرورت ہے۔ہم سب کو باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کردینی علوم کے فروغ کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔ ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ بیرونی قوتیں قوم کی تقسیم چاہتی ہیں۔ یہ قوتیں رنگ و نسل و فرقوں کی بنیاد پر قوم کی تقسیم میں ناکامی کے بعد اب نئی سازشوں میں مصروف ہیں۔ جماعت اسلامی‘ اسلام دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنا ئے گی اور اس جدو جہد میں دینی مدارس اور اس کے طلبہ ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا یکساں نصاب تعلیم کے نام پر حکومت سیکولر اور لبرل نصاب نافذ کرنا چاہتی ہے اور چاہتی ہے کہ بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے دینی مدارس کا نصاب بھی تبدیل ہو۔ مولانا ساجد انور نے کہااسلام کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ جرات مند قیادت ہی کرسکتی۔ جماعت اسلامی ہی امت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے درپیش چیلینجزکا بھر پور جواب دے گی۔ مولانا شمشیر شاہد نے کہا کہ ایک نبی اورایک قرآن کو ماننے والوں کو تمام محاذوں پر مشترکہ جدوجہد کی حکمت عملی اپنا نا ہوگی۔ امت کا یہی طرز عمل اسلامی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ قاری ضمیر اختر منصوری نے کہا سید مودودی کی جدوجہد جاری ہے اور اسلامی انقلاب کی منزل ضرور حاصل ہوگی ۔مولانا عبدالوحید نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔بیرونی دباو پر اس پر حملے کئے جا رہے ہیں۔وقت نے ثابت کردیا ہے کہ مدارس پر دہشت گردی کا لیبل لگانے والے ناکام و نامراد ہوئے۔ امت مسلمہ کا ہر فرد فرقہ واریت و مسلک پرستی کے خلاف متحد ہے۔