بلاول حمزہ ملاقات‘ پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی پر غور

190
لاہور: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز سے ملاقات کررہے ہیں

لاہور(آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے حکومت کے خلاف احتجاج اور پارلیمانی پیش قدمی سے متعلق تمام فیصلے پلیٹ فارم سے کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز نے اپنی رہائش گاہ پر بلاول زرداری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ بلاول کے ہمراہ یوسف رضا گیلانی، قمر زمان کائرہ، چودھری منظور اور حسن مرتضیٰ موجود تھے جبکہ مسلم لیگ ن کی جاب سے ایاز صادق، سعد رفیق، رانا ثنااللہ، عطااللہ تارڑ اور اویس لغاری بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو مشترکہ امیدوار بنانے، حکومت کے خلاف تحریک، پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی اور لانگ مارچ سمیت مختلف معاملات زیر بحث آئے ہیں۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے مشترکہ بات کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم آگے بڑھیں گے اور پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اہم فیصلے کریں گے، بلاول کے ساتھ تمام ایشوز پر گفتگو ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی منزل لانگ مارچ یا عدم اعتماد نہیں ہے۔مہنگائی اور معیشت کا حال بہت برا ہے، ہم نے بہت کچھ میثاق جمہوریت سے سیکھا ہے۔اس موقع پر بلاول زرداری نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ وزیراعظم کے اندر کا خوف تھا، ، ہماری کوشش ہے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں پی ڈی ایم کی جیت ہو، پی ڈی ایم میں تمام فیصلے مشاورت سے ہوں گے، پی ڈی ایم کو فیصلہ کرنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کب اور کہاں لانی ہے۔ اسلام آباد میں کیا کرنا ہے، اس کا اعلان مولانافضل الرحمن کرینگے، ہم ساتھ مل کرحملہ بھی کریں گے اور جیتیں گے بھی۔ انہوں نے کہا ہے کہ سب چاہتے ہیں پنجاب کو مثالی وزیراعلیٰ ملے، سب چاہتے ہیں ‘’وسیم اکرم پلس’’ کو فارغ کر دیا جائے۔ سینیٹ الیکشن سے بہت کچھ سیکھ چکے ہیں۔ عدم اعتماد کا ووٹ کب لینا ہے؟ یہ فیصلہ ہم کریں گے۔