رمضان سے قبل تمام مدارس کو رجسٹرڈ کرلیا جائیگا،طاہر اشرفی

162

لاہور (اے پی پی) وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی امور و چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب علامہ حافظ طاہر اشرفی نے کہاہے کہ رمضان سے پہلے تمام مدارس کو رجسٹر ڈکردیا جائے گاتمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو ملکر رواداری کو فروغ دینا ہوگا۔ لاہور میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج کا دور پچھلے30 سال میں سب سے زیادہ فتنوں سے بھرا دور ہے، دنیا میں سب سے بڑی دہشت گردی ہی اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا ہے ۔طاہر اشرفی نے کہا کہ افواج پاکستان کے بعد پاکستانی مدارس اس ملک کا ہراول دستہ ہیں ملک کے تمام مسائل کا حل خلافت راشدہ کا نظام ہے، اسلام عورتوں کی آزادی اور تعلیم کے خلاف ہوتا تو کبھی اکابر صحابہ حضرت عائشہ صدیقہ سے مسائل پوچھنے نہ جاتے۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہاکہ کل تک ہم مولویوں کو غیر روادار کہا جاتا تھا لیکن حال ہی میں پارلیمان کے باہر جیسی گالم گلوچ سیاستدانوں نے کی اسکی مثال مولویوں میں نہیں ملتی ، ہمیں مولوی اور منبر سے وابستہ ہونے پر فخر ہے۔