ہم نے سینیٹ انتخاب کو ہلکا لیا، زرداری بڑا گیم کھیل گئے،شیخ رشید

243

اسلام آباد (آن لائن) وزیر داخلہ شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک اعتماد کے روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 3 اراکین قومی اسمبلی کے لاپتا ہونے پر شور مچا ہوا تھا۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ جس دن قومی اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ لینا تھا اْس صبح ہمارے 3 اراکین قومی اسمبلی لاپتا تھے جس پر شور شرابا پڑا ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ میں قومی اسمبلی 11 بجے پہنچا تب تک ان تینوں اراکین قومی اسمبلی کی موجودگی کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہوسکا تھا۔ سینیٹ انتخاب میں حکومتی امیدوار کی ناکامی پر شیخ رشید نے اعتراف کیا کہ ’ہم نے سینیٹ کے انتخاب کو ہلکا لے لیا تھا جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری بڑا گیم کھیل گئے‘۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخاب میں ٹکٹ نہیں بلکہ نقد رقم چلی جو 10 کروڑ سے کہیں زیادہ تھی اور تقریباً 20 لوگوں کو ادائیگی کی گئی۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ ڈاکٹر حفیظ شیخ سندھ سے الیکشن لڑنے کے خواہش مند تھے لیکن وزیر اعظم عمران خان نے انہیں اسلام آباد سے امیدوار کھڑا کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’16 لوٹوں (اراکین اسمبلی) کے خلاف کارروائی کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے لیکن تاحال ایسا موسم نہیں آیا کہ ان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر 20 افراد کو بے دخل کرتے ہیں تو حکومت کھڑی نہیں رہے گی۔