عمران خان نے اعتماد کا ووٹ دھونس، دھاندلی اور غنڈہ گردی سے لیا، مریم نواز

300
اتحادیوں کی منت سماجت کرنے سے حکومت کی نا اہلی ثابت ہوتی ہے، مریم نواز

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ دھونس، دھاندلی اور غنڈہ گردی سے لیا، پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں،پنجاب میں اگلی حکومت مسلم لیگ ن کی ہوگئی۔ اتوار کو

مسلم لیگ (ن)کے مشاورتی اجلاس کے بعد پارٹی رہنماﺅں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ اعتماد کا ووٹ اراکین اسمبلی کو حبس بے جا میں رکھ کر زبردستی لیا گیا اس کی نہ کوئی قانونی حیثیت ہے اور نہ ہی اخلاقی حیثیت۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کو استعمال کر کے وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لیا، وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کی کوئی اخلاقی، آئینی و قانونی حیثیت نہیں، اعتماد کا ووٹ جبر کے زور پر لیا گیا، پارلیمنٹ اجلاس سے قبل حکومتی اراکین کی نگرانی کی گئی، ِحکومت نے ڈرون کیمرے سے اپنے اراکین کی فوٹیج بنائی، پہلی بار کسی جماعت کے سربراہ پر عدم اعتماد کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ توہین آمیز سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا، آپ 2 تھپڑ ماریں گے تو ہم 10 ماریں گے،اخلاق اور تہذیب کا بھاشن اپنے پاس رکھیں،لیگی رہنماؤں پر حملے کی بہت بڑی قیمت چکانا پڑے گی،اب سب کو پتا چلا غنڈہ اور سسلین مافیا کسے کہتے ہیں،ہم تمیز کے دائرے میں رہ کر تنقید کرتے ہیں۔

انہوں نے دعوی کیا کہ عمران خان کا وقت ختم ہو چکاہے،حکمران جماعت پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی ان کےساتھ رابطے میں ہیں،پنجاب میں اگلی حکومت مسلم لیگ ن کی ہوگی۔

مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کو این اے 249 سے ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔