جونیئر ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کا تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان

137

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) جونیئر ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے عہدیداروں نے اپنے مطالبات کے حق میں 10 مارچ کو احتجاجی مظاہرے اور 15 مارچ سے تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان جونیئر ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر یوسف کاکڑ ودیگر نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جونیئر اساتذہ نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے 10 فروری 2021ء سے پریس کلب کے باہر علامتی بھوک ہڑتال شروع کی ہے جو ہنوز جاری ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پنجاب کی طرز پر بلوچستان حکومت بھی پرائمری اسکول اساتذہ کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے کیونکہ صوبائی حکومت نے 2006ء میں 50 فیصد پروموشن کوٹہ کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق پرائمری اسکول اساتذہ جن کے پاس بی اے یا بی ایڈ کی ڈگری ہے اور ان کی ملازمت کو 10 سال ہوگئے ہیں انہیں ایس ایس ٹی کی پوسٹ پر ترقی دی جائے گی، تاہم ابھی تک اس نوٹیفکیشن پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔