لاڑکانہ، یوسی 18 کا علاقہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل

258

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں عوامی ورکرز پارٹی اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے یونین کمیٹی 18 میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جہاں انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھاکر شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر رہنماؤں منظور شیخ، کمال، بشیر شیخ و دیگر کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے یونین کمیٹی 18 کے اللہ آباد، خدا آباد و دیگر علاقوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، متعدد بار یوسی سیکرٹری کو شکایتیں کرچکے لیکن تاحال صفائی کے بہتر انتظامات نہیں کیے گئے، جس کے باعث علاقہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا اور علاقہ مکین مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گندگی کا خاتمہ کرکے صفائی کے بہتر انتظامات کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔