ایجنسیوں نے ساری رات ارکان اسمبلی کی نگرانی کی‘ سب ڈھونگ ہے( فضل الرحمن)

169

اسلام آباد/ سکھر (صباح نیوز/ آن لائن) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہم اعتماد کا ووٹ تسلیم نہیں کرتے‘ ہر رکن کی نگرانی ایجنسیوں نے کی‘ وزیراعظم کو کرپٹ ارکان کا ووٹ لیتے شرم نہیں آئی‘ اجلاس جعلی وزیر اعظم کی سمری پر بلایا گیا‘ یہ سب ڈھونگ ہے‘ عمران خان میں غیرت ہے تو وہ براہ راست عوام سے اعتماد کا ووٹ لیںاور الیکشن کرائیں‘ اسلام آباد واقعہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے سکھر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی حکمران آج ہے تو کل نہیں ہو گا‘ عمران خان نے عدم اعتماد کے بعد پھر سے اعتماد کا ووٹ لینے کی بات کی ہے اور صدر مملکت نے ایوان کا جعلی اجلاس بلایا‘ ہم اعتماد کا ووٹ تسلیم نہیں کرتے‘ عمران خان کس منہ سے ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں‘ لچے، لفنگوں اور بدمعاشوں نے شرفا کی پریس کانفرنس پر حملہ کیا‘ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں‘ شیشے کے گھر میں رہ کر کسی پر پتھر نہیں پھینکتے‘ تمہیں گلی کوچوں میں چلنے کی جگہ نہیں ملے گی‘ ساری رات اراکین کے دروازے کھٹکھٹا کر حاضری لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل ملازمین نے کونسی کرپشن کی جو انہیں ملازمت سے نکالا گیا ؟ پی آئی اے کے ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود جائداد بنائی اور 12 لاکھ میں بنی گالا کا محل ریگولرائز کرایا‘ ملک خطابت سے نہیں چلا کرتے‘ واضح اعلان کرتا ہوں پی ڈی ایم اسمبلی اجلاس کو آئینی نہیں سمجھتی‘ ہمیں پتا ہے ہر رکن کی نگرانی ایجنسیوں نے کی ہے اور کس طریقے سے ان سے جبری ووٹ لیا گیا ہے‘ وزیراعظم کو کرپٹ ارکان کا ووٹ لیتے شرم نہیں آئی۔