کورونا کیسز میں کمی‘ ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹر بند کرنے کا فیصلہ

157

کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کیسز میں کمی کے بعد ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹر عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ایکسپو سینٹر سے آخری مریض کو بھی ڈسچارج کردیا گیا۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد میں واضح کمی ہوئی ہے‘ جناح اسپتال اور ایچ ڈی یو میں صرف 4 جبکہسول اسپتال میں کورونا کے 19 مریض زیرعلاج ہیں۔ ہفتے کو این سی او سی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں24 گھنٹے کے دوران مزید ایک ہزار 714 افراد میں کورونا وبا کی تشخیص ہوئی جب کہ 38 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 38 ہزار200 ٹیسٹ کیے گئے‘ مزید ایک ہزار441 افراد کورونا وبا سے صحتیاب ہوئے۔ ملک میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد5 لاکھ88 ہزار 728 جب کہ مجموعی اموات کی تعداد 13ہزار 166 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید13 مریض دم توڑ گئے‘10591 ٹیسٹ کرنے سے274 نئے کیسز سامنے آئے‘ مزید188 مریض صحت یاب ہوئے‘ اس وقت 6242 مریض زیر علاج ہیں‘280 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی جن میں سے43 کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 274 نئے کیسوں میں سے 93 کا تعلق کراچی سے ہے۔