کرپشن کیس‘رؤف صدیقی و دیگر پر فرد جرم ایک بارپھر موخر

146

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے محکمہ اسمال انڈسٹریز میں کرپشن کرنے کے ریفرنس میں ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی و دیگر پر فرد جرم ایک بار پھر موخر کر دیا۔نیب کے مطابق ملزمان پر محکمہ سندھ اسمال انڈسٹریز میں2008ء سے 2014ء تک غیر قانونی بھرتیاں کرنے کا الزام ہے، جس سے قومی خزانے کو4کروڑ20 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا تھا۔خصوصی عدالت میں رؤف صدیقی اور دیگر ملزمان بھی پیش ہوئے،دوران سماعت شریک ملزم ایاز کی عدم حاضری کے باعث فرد جرم کی کارروائی ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت 18 مارچ کو تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔ریفرنس میں رؤف صدیقی سمیت 8 ملزمان نامزد ہیں، دیگر ملزمان میں محمد عابد، مشتاق علی،عمر علی ،محمد نعیم ، سید ایاز حسین اور ثروت فہیم شامل ہیں۔علاوہ ازیں احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہاں کو طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 27 مارچ تک ملتوی کردی۔دوران سماعت درخواست گزارکے وکیل نے ملزم کی طبیعت ناساز ہونے پرعدالت سے حاضری سے استثنا کی استدعا کی تھی،جسے منظور کرلیا گیا۔