عبدالحفیظ شیخ کی شکست نے حکومت کی بنیادیں ہلا دیں‘مرتضیٰ مغل

153

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی غیر متوقع شکست نے حکومت کی بنیادیں ہلا دی ہیں ۔اس شکست میں بنیادی کردار حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کا ہے جس نے عوام سے جینے کی امنگ چھین لی ہے۔تبدیلی کا ڈرامہ عوام کے لیے ڈرائونا خواب ثابت ہوا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں حکومت اور اپوزیشن دونوں نے ہارس ٹریڈنگ کی ہے مگر الزام صرف حزب اختلاف پر لگایا جا رہا ہے جو حیران کن ہے۔کیچڑ اچھالنے کے بجائے اسپورٹس مین اسپرٹ کے مطابق خوشدلی سے شکست تسلیم کی جائے ۔حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک غربت بے روزگاری مہنگائی اور قرضوں کی دلدل میں دھنس گیا ہے ، اشیائے خور و نوش اور توانائی کی قیمتوں نے زندگی مشکل کر دی ہے، مافیا کو لوٹ مار کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے،عوام کرپشن اور این آر او نہ دینے کا راگ سن سن کر بے زار ہو چکے ہیں،اب تو حکومتی سیاستدان اور ان کے اتحادی بھی اپنے ووٹرزکا سامنا کر نے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔