این اے 75: پی ٹی آئی امیدوار کی الیکشن کمیشن پر تنقید

126

ڈسکہ (آن لائن) این اے 75 سے ضمنی انتخاب لڑنے والے پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی نے الیکشن کمیشن پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالفین نے 14 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ مانگا تھا، گلاس مانگنے پر الیکشن کمیشن نے پورا ڈرم دے دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی اسجد ملہی نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کے پاس فارم 45 آنے پر نتیجہ جاری کرنا قانونی طور پر لازم تھا، ہم نے عدالت عظمیٰ سے رٹ پٹیشن میں نتیجہ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی پورے حلقے میں انتخاب کیلیے 200 فیصد تیار ہیں، حلقے میں پی ٹی آئی کے 55 ہزار ووٹ بڑھ گئے ہیں، کس نے معرکہ مارا؟ کون جیتا؟ مریم نواز یہ سب دیکھ لیں۔ علی اسجد نے سینیٹ انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا بے شک حفیظ شیخ ہار گئے لیکن عمران خان کا بیانیہ جیت گیا، عمران خان کے پاس اخلاقی قوت ہے اور قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔