نیویارک کی سڑکوں پر ٹرمپ کے حامیوں کی ریلی

203
نیویارک: ٹرمپ کے نام کا بینر اور تصویر اٹھائے سابق صدر کے حامی ٹائم اسکوائر سے گزرر ہے ہیں

نیو یارک (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی شہر نیویارک میں سابق صدر کے حامی ایک بار پھر نکل آئے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں ریلیاں نکالیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سابق صدر کے حمایتی ٹرمپ ٹاورز کے سامنے اکٹھے ہوئے اور ٹائم اسکوائر کی جانب جلوس نکالا۔ مظاہرین نے ٹرمپ 2024ء کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اس دوران ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق ریلی کے موقع پر بلیک لائیوز میٹر تحریک کے ارکان بھی وہیں موجود تھے، جنہوں نے سابق صدر کے حق میں ریلی نکالنے والوں کے خلاف ردعمل کا مظاہرہ کیا۔ نیویارک پولیس نے ٹرمپ کے حامیوں کو پرچم لہرانے کی اجازت نہیں دی اور ایک دوسرے پر حملے کرنے والے دونوں گروہوں سے بڑی تعداد میں لوگوں کو حراست میں لے لیا۔ اس دوران امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے کیپٹل ہل پر حملے کے الزام میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ایک عہدے دار کو گرفتار کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ دور میں تعینات اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدے دار فیڈریکو کلین کو حراست میں لے کر ان پر غیر قانونی طور پر کیپٹل ہل میں داخلہ، پرتشدد رویہ اپنانے اور کانگریس سمیت سیکورٹی اداروں کے کام میں مداخلت کرنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔