اتحادیوں نے وزیراعظم سے من پسند عہدوں کے مطالبات کردیے

165

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم عمران خان کو ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد ایک اور بڑا چیلنج درپیش ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان پر سینیٹ الیکشن کے بعد اتحادیوں کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین اور مزید وزارتیں دینے کے مطالبات سامنے آرہے ہیں‘ وزیراعظم عمران خان نے انتہائی قریبی رفقا سے مشاورت شروع کردی ہے تاہم اتحادیوں کی بات تسلیم نہ کرنے کی صورت میں سینیٹ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کی لابنگ مشکل ہوجائے گی۔ دوسری جانب اپوزیشن کی بڑی جماعت پیپلز پارٹی نے بھی حکومتی اتحادیوں کو آفرز شروع کردی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نومنتخب سینیٹر بیرسٹر علی ظفر فروغ نسیم کی جگہ وزیر قانون بنائے جانے کے خواہش مند ہیں ‘جب کہ فروغ نسیم وزارت قانون کے قلمدان کے سوا کسی اور عہدے کے متمنی نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے ایک مرتبہ پھر وزارت کے مطالبے کے بعد ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ مانگ لیا ہے۔ وزیراعظم کے قریبی رفقا کی فروغ نسیم کو بطور ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ دے کر سب کو راضی کرنے کی تجویز دی جارہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایم کیو ایم کو پیپلز پارٹی کی طرف سے بھی بڑی پیش کش کی گئی ہے۔ اگر حکومت سے بات نہ بنی تو ایم کیو ایم نے حکومتی اتحاد چھوڑنے کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔ ایم کیو ایم قیادت فیصل سبزواری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ یا ایم کیو ایم کے کوٹے کا وزیر بنانے کی خواہاں ہے۔