فیصل واوڈا کا بیان حلفی بادی النظر میں جھوٹا ہے‘تفصیلی فیصلہ

174

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر اور مستعفی رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا نااہلی کیس کا 13 صفحات پر تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ فیصل واوڈا کا بیان حلفی بادی النظر میں جھوٹا ہے‘ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی روشنی میں جھوٹے بیان حلفی کے نتائج ہیں‘ الیکشن کمیشن معاملے کی تحقیقات کر کے مناسب حکم جاری کر سکتا ہے۔ عدالت نے تفصیلی فیصلے میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پیش کردہ ریکارڈ کے مطابق فیصل واوڈا نے 11 جون کو دہری شہریت نہ رکھنے کا بیان حلفی جمع کرایا‘ عدالت میں پیش کیے گئے ریکارڈ کے مطابق فیصل واوڈا کو امریکی شہریت ترک کرنے کا سرٹیفکیٹ25 جون کو جاری ہوا‘ فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے وقت وہ امریکی شہری اور الیکشن لڑنے کے لیے نااہل تھے‘ فیصل واوڈا کے مستعفی ہونے کے باعث ان کو نااہل قرار دینے کے لیے کو وارنٹو کی رٹ جاری نہیں کی جا سکتی۔