پی ٹی آئی لیگی کارکنوں میں ہاتھا پائی‘ احسن اقبال‘ مصدق ملک کی پٹائی‘ خاتون رہنما مریم اورنگزیب سے بدتمیزی

287

اسلام آ باد(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی اورلیگی کارکنوں میں ہاتھا پائی‘ احسن اقبال‘ مصدق ملک کی پٹائی‘ گریبان پکڑا گیا‘خاتون رہنما مریم اورنگزیب سے بھی بدتمیزی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزقومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لیے اجلاس ہوا، جس کا اپوزیشن جماعتوں نے بائیکاٹ کیا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی پارٹی کے د یگرر ہنمائوں احسن اقبال ،مریم اورنگزیب اور مصدق ملک کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرر ہے تھے کہ تحریک انصاف کے کارکنان ریڈ زون میں گھس آ ئے اورہنگامہ آرائی شروع کردی،پی ٹی آئی کارکنان نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں وزیراعظم عمران خان کے حق میں اور (ن)لیگ کے رہنمائوں کے خلاف نعرے درج تھے،پی ٹی آئی کارکنان کی ہنگامہ آرائی کے باعث لیگی رہنمائوں کو میڈیا سے گفتگو میں شدید مشکلات کا سامنا رہا اور کان پڑی آواز سنائی نہیں دی تاہم صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب تحریک انصاف کے کارکنان نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے والے (ن) لیگی رہنماؤں کا گھیراؤ کرلیا،اس دوران ہاتھا پائی بھی ہوئی اور کارکنان نے شاہد خاقان عباسی کو دھکے دیے اور مصدق ملک کا گریبان بھی پکڑا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے احسن اقبال کو جوتا بھی دے مارا ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما ئوں نے بھی تحریک انصاف کے کارکنان کے ساتھ ہاتھا پائی شروع کردی ، کشیدہ صورت حال کے باعث پولیس کو دخل اندازی کرنا پڑی اور پولیس نے تحریک انصاف کے کارکنان کو لیگی رہنماؤں سے دور کیا۔ جس کے بعد لیگی رہنماؤں نے دوبارہ پریس کانفرنس کی اور پی ٹی آئی قیادت اور وزیراعظم سے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔قبل ازیںتحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد صبح ہی سے ڈی چوک پر جمع تھی۔پی ٹی آئی کارکنان مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر کے خلاف بھی نعرے بازی کرتے ر ہے ۔علاوہ ازیںمسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ آج ایک عورت پر ہاتھ اٹھا کر تحریک انصاف کے غنڈوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ انتہائی بے غیرت ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ آج تحریک انصاف کے غنڈوں کو پتا لگ گیا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کا ہر کارکن شیر ہے،7مسلم لیگیوں نے 500 سے زاید پی ٹی آ ئی کے غنڈوں کا مقابلہ کیااورانہیں پسپا کیا،ہم پاکستانی ہٹلر کے غنڈوں کا ہر سطح پر مقابلہ کریں گے۔