صدر کو وزیراعظم پر ارکان قومی اسمبلی کے اعتماد سے آگاہ کردیا گیا

210

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو وزیراعظم عمران خان پر قومی اسمبلی کے اکثریتی ارکان کے اعتماد کی کارروائی سے آگاہ کردیا گیا۔ایوان صدر کو اس بارے میں تحریری اطلاع دی گئی ہے۔ صدرمملکت نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کے حوالے سے اظہار اطمینان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے سیکرٹریٹ کے آئینی اور قانونی ماہرین کے ساتھ مشاورتی جائزہ اجلاس کے بعد صدر مملکت کو متذکرہ کارروائی سے آگاہ کرتے ہوئے ایوان صدر کوخط بھجوا دیا ہے۔اسپیکر نے صدر کو آگاہی دی ہے کہ آپ کی ہدایت پر اعتماد کے ووٹ کے مقصد کے لیے ایوان کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے 178ووٹ لیے ہیں اور اکثریتی ارکان نے ان پر اعتماد کا اظہار کردیا ہے،آئینی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے جس سے آپ کو آگاہ کیا جارہا ہے۔ ادھر ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی اس کارروائی کے حوالے سے صدرمملکت نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔