جاپان نے ڈیوس کپ ٹائی میں پاکستان کو شکست دے دی

155

(سیدوزیر علی قادری)جاپان نے ڈیوس کپ ورلڈ گروپ ون ٹائی میں پاکستان کو شکست دے کر ٹا ئی4-0سے جیت لیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے اعصام الحق پویلین میں ڈیوس کپ ورلڈ گروپ ون کے دوسرے دن آئی ٹی ایف کوویڈ 19 پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کیا اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔

 دلچسپ ڈبلز میچ میں جاپان کیموچیزوکی شنتارو اور شمابوکورو شو نے پاکستان کے اعصام خان اور عقیل خان کو 4-6، 6-4اور 6-2 سے ہرا کر تیسرے سیٹ میں کامیابی حاصل کی۔

 دوسرے روز جاپان کے شمیزو یوٹا نے پاکستان کے مزمل مرتضی کو یک طرفہ مقابلے میں 6-1اور 6-1 سے ہراکر جاپان نے چوتھی کامیابی حاصل کی،اس سے قبل گزشتہ روز جاپان نے پہلے دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان کے خلاف2-0سے برتری حاصل کی تھی۔

 ایونٹ کے پہلے روزجاپان کے کائیچی یوشیڈا نے پاکستان کے اعصام الحق اور”یوسوکی۔واتا نوکی” نے عقیل خان کو ہرایا تھا،دریں اثنا پاکستان میں جاپان کے سفیر متسودا کوننوری نے کورونا وباکی مشکل صورتحال کے باوجود جاپان اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان پاکستان ا سپورٹس کمپلیکس میں ڈیووس کپ ورلڈ گروپ 1 ٹائی کے کامیاب انعقاد پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دی ہے۔

 پاکستان ا سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں 2 روزہ میچوں کے اختتام پر جاپان کے سفیر متسودا نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف)، پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے جاپانی اور پاکستانی ٹینس ٹیموں کے درمیان اہم ایونٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

 انہوں نے کہا کہ ان کی سخت محنت اور کوششوں کے بغیر ان میچوں کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔ سفیر جنہوں نے جاپان اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان میچ دیکھے، نے کہا کہ گراس کورٹ پر ہونے والے میچوں سے وہ بہت متاثر ہوئے ہیں جسے ڈیووس کپ گروپ 1 ٹائی کے میچوں کے انعقاد کے لئے بہتر طریقے سے تیار کیا گیا تھا۔

 میچوں میں شاندار کارکردگی پر انہوں نے دونوں ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور سخت محنت سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔

 انہوں نے کھلاڑیوں کے بہتر مستقبل کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ جاپان کے سفیر نے کہا کہ ہار جیت معمول کا حصہ ہے لیکن لگن، مسلسل کوشش اور پیشہ ورانہ مہارت کی سب سے زیادہ اہمیت ہوتی ہے۔