عزت کا معیار تقویٰ ،خاندانی نظام توازن سے چلتاہے، سمعیہ عاصم

342

کراچی(نمائندہ جسارت)ضلع ائر پورٹ شعبہ نشر و اشاعت کی جانب سے استحکام خاندان مہم کے حوالے سے ایک سیشن گل خیرن قرآن انسٹی ٹیوٹ کیمپس 5 ماڈل کالونی میں منعقد کیا گیا۔ جس میں نائب ناظمہ کراچی جماعت اسلامی حلقہ خواتین محترمہ سمعیہ عاصم نے شرکت کی۔ نائب ناظمہ کراچی محترمہ سمعیہ عاصم نے ”عورت نے ہر اک دور میں قوموں کو سنوارا ہے“کے عنوان پر ورک شاپ کرائی اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزت کا معیار صرف تقویٰ ہے، اسلام میں مرد اور عورت کو برابر کی حیثیت حاصل ہے، خاندانی نظام توازن سے چلتے ہیں اور اللہ کا دیا ہوا نظام ہی انسانی زندگی میں توازن پیدا کر سکتا ہے۔ ہمیں نسل نو کو یہ سبق دینا ہے کہ اپنا عقیدہ مضبوط کریں، لوگوں میں اسلام کا احساسِ برتری پیدا کریں، فتنوں سے آگاہ کریں، اپنی زندگی کا مشن اپنے بچوں میں منتقل کریں ملک میں سیکولر ایجنڈے کے مقابلے میں اسلامی نظام کے قیام کی جدو جہد کریں۔ اس کے ساتھ ہی سیرت صحابیات اور جماعت اسلامی کی تاریخ سے وابستہ کوئز سیشن منعقد کیا گیا ۔ نگران شعبہ نشرو اشاعت خدیجہ برجیس نے سوشل میڈیا اور ہمارا کردار کے عنوان پر پروگرام کرایا۔ آخر میں ناظمہ ضلع ائر پورٹ عذرا جمیل نے کہا کہ اسلام عدل کی تعلیم دیتا ہے، عورت کی سب سے بڑی طاقت اس کا ایمان اور کردار ہے، اجتماعیت سے جڑے رہنا چاہیے۔ سب قرآن سے جڑ جائیں اسی میں ہم سب کی بھلائی ہے۔