تعلیمی اداروں میں ڈانس کلاسز قابل مذمت ہیں،جماعت اسلامی

273

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے وفاقی وزیر تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نئی تعلیمی پالیسی میں نجی تعلیمی اداروں میں میوزک اور ڈانس کلاسز کی اجازت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیاہے، لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر مملکت خداد کو دنیا کے نقشے پر وجود بخشا لیکن انگریز کے غلام حکمران پاکستان میں مغربی تہذیب اور بے حیائی کے کلچر کے ذریعے ایک بار پھر نسل نو کو بے راہ روی، بے حیائی کے ذریعے طاغوت کا غلام بنانا چاہتی ہے جس کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ سابق حکمرانوں کی طرح موجودہ حکومت بھی عالمی مالیاتی اداروں، مغربی ممالک کے چندے پر چلنے والی این جی اوز اور اپنے مغربی آقاﺅں کی آشیرباد سے ہمارے بنیادی اسلامی عقائد اور دستور پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے میں مصروف ہیں، تعلیمی اداروں میں بیہودگی اور بے حیائی کی تعلیم عام کرکے مستقبل کے معماروں کو لذت نفس سے آشنا اور نفس کی غلامی کا سبق پڑھایا جارہا ہے جو ملک کے جغرافیائی اور نظریاتی جڑوں کو کاٹنے کے مترادف ہے، جماعت اسلامی وفاقی وزیرتعلیم کے اس اعلان کی ہر فورم پر مخالفت اور بھرپور احتجاج کرے گی۔