چوتھا ٹیسٹ،بھارت کی انگلینڈ کیخلاف 89رنز کی برتری

213

احمدآباد(جسارت نیوز)ریشبھ پنت کی سنچری کی بدولت بھارت نے انگلینڈ ٹیم کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنالیے اور اس کو انگلینڈ کیخلاف 89رنز کی برتری حاصل ہوگئی ، انگلینڈ کی ٹیم پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 205رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔ریشبھ پنت 101، واشنگٹن سندر ناقابل شکست 60رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے،یہ ریشبھ پنت کے ٹیسٹ کیریئر کی تیسری سنچری تھی ۔ انہوں نے واشنگٹن سندر کے ساتھ ملکر ساتویں وکٹ پر 113قیمتی رنز بناکر اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنادی۔ میچ کا دوسرے روز بھارتی بلے باز ڈٹے رہے اور انگلش بولرز پورے دن صرف 6 کھلاڑی آئوٹ کر سکے۔ انگلینڈ کی طرف سے جیمز اینڈرسن نے 3 جبکہ بین اسٹوکس اور جیک لیچ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔جمعہ کو نریندر مودی اسٹیڈیم ، احمد آباد میں کھیلے جارہے بھارت اور انگلینڈ کے مابین چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے چوتھے اور آخری میچ کے دوسرے روز بھارتی ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 24رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو روہت شرما 8 اور چیتشوار پجارا 15رنز پر ناٹ آئوٹ تھے۔ چیتشوار پجارا اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں 2رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 17رنز بناکر جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے،ویرات کوہلی بھارت کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے بین اسٹوکس کی گیند پر وکٹ کیپر بین فوکیز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔اجنکیا رہانے 27رنز بنانے کے بعد جیمز اینڈرسن کی گیند پر بین اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے،روہت شرما 49رنز بناکر بین اسٹوکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ روی چندرن ایشون بھارت کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 13رنز بناکر جیک لیچ کی گیند پر اولی پاپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ریشبھ پنت نے واشنگٹن سندرکے ساتھ ملکر ساتویں وکٹ پر قیمتی 113رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنادی۔ وہ بھارت کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد 101رنز بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔