وزیر خزانہ کی شکست حکومت کے لیے بڑا دھچکا ہے،مرتضیٰ مغل

140

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اکانومی واچ کے صدراور ایف پی سی سی آئی کے مرکزی قائمہ کمیٹی برائے انشورنس کے کنوینر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی غیر متوقع شکست حکومت کے لیے بڑا جھٹکا ہے جو ان کی اپنی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ یہ شکست عوام اور ان کی نمائندوں کا موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر عدم اعتماد کی عکاس ہے۔اب انھیں اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے اپوزیشن پر ووٹوں کی خریداری کا الزام لگایا جا رہا ہے مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک غربت بے روزگاری مہنگائی اور قرضوں کی دلدل میں دھنس گیا ہے ، اشیائے خورد و نوش اور توانائی کی قیمتوں نے غریبوں کی زندگی مشکل کر دی ہے، سیاسی و معاشی عدم استحکام بڑھا ہے جبکہ امراء کو مسلسل نوازا جا رہا ہے۔مافیا کو لوٹ مار کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے جس نے عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن بنا دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر حکومت اپنی سابقہ روش کی طرح ضمنی انتخابات اور سینیٹ الیکشن سمیت اپنی ہر ناکامی کا سارا ملبہ اپوزیشن پر ڈالتی رہے گی ۔