جسارت کے کارکنان کےلیے سوشل میڈیا مارکٹنگ ورکشاپ کا انعقاد

92

کراچی(رپورٹ: منیر عقیل انصاری) روزنامہ جسارت کی انتظامیہ نے اپنے کارکنان کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو نکھارنے کے لیے ایک روزہ سوشل میڈیا مارکٹنگ اینڈ سرچ انجن آپٹی مائیزیشن ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ تفصیلات کے مطابق روزنامہ جسارت کراچی کے زیر اہتمام جمعے کو جمعیت الفلاح ہال میں ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں روزنامہ جسارت کے چیف آپریٹنگ آفیسر سید طاہر اکبر، ویب انچارج نذیر الحسن، عرفان احمد اور سلمان علی سمیت جسارت کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں سوشل میڈیا کے ٹولز کو استعمال کرنے کے بارے میں بتایا گیا۔ لاہور سے آئے ہوئے ورکشاپ کے ٹرینر قمر طور نے شرکا کو یوٹیوب، انسٹا گرام، فیس بک، ٹیوٹر اور سرچ انجن آپٹی مائیزیشن کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ ورکشاپ میں شریک شرکا نے میڈیا ورکشاپ کو سراہا اور اسے پیشہ وارنہ ذمے داریوں کے لےے اہم سنگ میل قرار دیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ ہم اس طرح کے ورکشاپ کے انعقاد سے جدید صحافتی اصولوں کو اپناتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریوں میں مزید نکھار لا سکتے ہےں۔ ورکشاپ کے اختتام پر روزنامہ جسارت کے چیف آپریٹنگ افسر سید طاہر اکبر نے لاہور سے آئے ہوئے ورکشاپ کے ٹرینر قمر طور اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی ورکشاپ وقت کی اہم ضرورت ہے‘ ہم مستقبل میں مزید اس طرح کی ورکشاپس کا انعقاد کرتے رہیں گے‘ ورکشاپ جدید تقاضوں کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگی‘ اس سے کارکنان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوگا۔ آخر میں جسارت کے سی او او نے قمر طورکو گلدستہ اور ورکشاپ میں شریک شرکا کو اسناد پیش کیں۔