میرپور خاص، من مانی قیمتوں پر دودھ فروخت کرنے والوں پر جرمانے

173

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) میر پورخاص میں زائد اور من مانی قیمتوں پر دودھ فروخت کرنے والے دکانداروں اور گوالوں کیخلاف انتظامیہ کی کارروائی، دکانداروں اور گوالوں پر بھاری جرمانے عائد۔ میرپورخاص میں دودھ فروشوں کی جانب سے دودھ اور دہی کے نرخوں میں من مانا اضافے سے متعلق میڈیا کی نشاندہی پر اسسٹنٹ کمشنر شاہدہ پروین کی جانب سے دودھ فروخت کرنے والوں کی دکانوں پر پانچ ہزار سے 15 ہزار تک کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر کو اس وقت حیرانگی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کو معلوم ہوا کہ سرکاری نرخ دودھ کے 90 روپے ہیں اور دکاندار ایک سال سے 100 روپے فی کلو دودھ فروخت کررہے ہیں اور اب ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے دودھ 110 روپے فی کلو کردیا ہے، کئی دکانداروں کو جرمانے کے بعد پتا چلا کہ دودھ فی کلو سرکاری ریٹ 90 روپے فی کلو ہے، سوچھنے کی بات یہ ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور نااہلی کے سبب دودھ فروش ایک سال سے شہریوں سے فی کلو پر 10 روپے لے رہے تھے۔ انتظامیہ لاعلم رہی اور لاعلمی کی انتہا یہ رہی کہ میڈیا کہ ذریعے ضلعی انتظامیہ کو پتا چلا کہ ایک سال سے عوام کو لوٹا جارہا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے دکانداروں پر جرمانے عائد کیے جانے کے باوجود دودھ فروش دیدہ دلیری اور حکومت کی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے دودھ 110 روپے فی کلو فروخت کررہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ دودھ فروشوں اور گوالوں کو 90 روپے فی کلو گرام دودھ فروخت کرنے کا پابند کرے اور عمل نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔