وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کا راستہ ہموار ہوچکا، خیر محمد شیخ

271

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سینیٹ انتخابات میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کی خوشی میں پی پی سٹی کی جانب سے ضلعی دفتر میں مٹھائیاں تقسیم کرنے کے بعد شہر کے اہم کاروباری مراکز ریشم گلی اور شاہی بازار کا دورہ کرکے تاجروں کو مبارکباد دیتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر سٹی صدر خیر محمد شیخ، انور علی نواز لہر، سرائی سرفراز علی، کامران علی اوڈانو، غلام اصغر کچی، میر ماجد علی بروہی و دیگر بھی موجود تھے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کی طلبہ تنظیم سپاف کی جانب سے ریلی نکالی گئی جو کہ شہر کے مختلف راستوں کا گشت کرتی ہوئی جناح باغ چوک پہنچی، جہاں مٹھائیاں تقسیم کرکے ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی، جس میں سپاف ضلعی صدر عبدالرحمن موریو، سید شاہزیب شاہ، جبران رفیق جوکھیو و دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے بعد اب وزیراعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کا راستہ ہموار ہوچکا، جلد پی ڈی ایم کی سربراہی اجلاس میں وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد لانے کا اصولی فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے حکومت میں آنے سے قبل عوام سے جو وعدے کیے ان میں سے ایک بھی وعدہ پورا تو نہ ہوا لیکن عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دکھیل کر پی ٹی آئی سرکار نے عوام کو دو وقت کی روٹی سے بھی محروم کردیا ہے، جس کے باعث اب پی ٹی آئی حکومت مزید بیساکھیوں کے سہارے چل نہیں سکتی، اسے جلد گھر کا راستہ دکھاکر بلاول زرداری کی قیادت میں ملک میں عوامی حکومت قائم کریں گے۔