کورونا کیسز پھر بڑھ رہے ہیں‘ ایس او پیز پرعمل کیاجائے( معاون خصوصی صحت)

188

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹس میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا کیسز اور ہسپتال میں مریضوں کی تعداد ایک بار پھر بڑھ رہی ہے، کیسز میں گزشتہ دو ماہ کے دوران جو کمی دیکھی گئی تھی وہ واضح طور پر مخالف سمت جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح ایک ہفتے کے دوران 3.31 فیصد سے بڑھ کر 4.16 فیصد ہوگئی ہے، ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ وبا ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔معاون خصوصی نے ایک بار پھر عوام کو ایس او پیز پر عمل کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں، ماسک پہنیں اور بار بار ہاتھ دھوئیں۔ان کا کہنا تھا کہ اب کسی بھی عمر کے فرنٹ لائن ورکر ویکسین لگوا سکتے ہیں، جبکہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد اپنا شناختی کارڈ نمبر 1166 پر میسج کریں۔واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے کورونا وائرس کے سلسلے میں عائد کردہ پابندیوں میں نرمی کے اعلان سے اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔این سی او سی کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ 24 فروری کو پابندیوں میں نرمی کے اعلان کے بعد سے کورونا کیس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کی جانب سے کورونا کے تازہ اعدادو شمار جاری کردیے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 52 افراد جاں بحق ہوگئے، 37 ہزار 998 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور ایک ہزار 579 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے باعث 13 ہزار 128 اموات ہوئیں اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 56 ہزار 769 ہوگئی، جبکہ کورونا کیسز کی تعداد 5 لاکھ 87 ہزار 14 ہوگئی۔سندھ میں 2 لاکھ 59 ہزار 164، پنجاب ایک لاکھ 75 ہزار 51 کیسز، خیبرپختونخوا 73 ہزار 258، بلوچستان میں 19 ہزار 97 کیس، اسلام آباد 45 ہزار 78، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 957 کیسز رپورٹ ہوئے۔ آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 10 ہزار 409 ہوگئی۔