وزیراعظم نے کہا تھا سینیٹ میں ہارا تو اسمبلیاں توڑ دونگا، شازیہ مری

103

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ نااہل عمران خان نیازی سینیٹ انتخابات میں شکست کے بعد قومی اسمبلی میں ارکان کی اکثریت کھو چکے ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ جب اس طرح صورتحال ہوئی تو وہ اسمبلیاں تحلیل کردیں گے اور سینیٹ انتخابات میں ہار گیا تو بھی اسمبلیاں تحلیل کر دوں گا۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل صدر پاکستان کو یہ محسوس ہوا کہ وزیراعظم پارلیمان میں اپنا اعتماد کھو چکے ہیں تو انہوں نے آئین کے آرٹیکل (7) 91 کے تحت ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے جبکہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ عمران نیازی کو جیسے ہی معلوم ہوا کہ وہ اپنی اکثریت اور لوگوں کا اعتماد کھو چکے ہیں تو انہیں مستعفی ہوجانا چاہیے تھا۔ شازیہ مری نے کہا کہ آئین کو سمجھنے کی ضرورت ہے، آئین میں ایسی شقیں موجود ہیں جس سے یہ نالائق اور نااہل حکومت گھر جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہی عمران نیازی ہیں جنہوں نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ جب اس طرح صورتحال ہوئی تو وہ اسمبلیاں تحلیل کردیں گے اور سینیٹ انتخابات میں ہار گیا تو بھی اسمبلیاں تحلیل کر دوں گا مگر کل سے یہ خبریں آرہی ہیں کہ عمران نیازی ارکان قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔