سیدنا امیر معاویہؓ نے بکھری ہوئی امت کو متحد کیا، اورنگزیب فاروقی

169

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیدنا امیرمعاویہؓ نے 64 لاکھ 65 ہزار مربع میل زمین پر خلافت کا نظا م قائم کیا، آپؓ کی بہن حضرت ام حبیبہؓ نبی اکرمؐ کی زوجہ اور امت کی ماں ہیں، آپؓ کا دور خلافت اسلامی تاریخ کا روشن باب ہے، آپؓ کے مدبرانہ فیصلوں سے بکھری ہوئی امت متحد ہوئی، ان کی وفات کے بعد دوبارہ امت میں وہ اتحاد و اتفاق آج تک قائم نہیں ہوسکا، سیدنا امیرمعاویہ نے اسلامی تاریخ میں سب سے زیادہ فتوحات حاصل کیں، وہ 19 سال تک خلیفہ رہے، ان کے کارنامے آج بھی ہماری رہنمائی کیلیے کافی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اہلسنّت والجماعت کے مرکزی صدر علامہ اورنگزیب فاروقی، صدر اہلسنّت والجماعت کراچی ڈویژن علامہ رب نواز حنفی، جنرل سیکرٹری اہلسنّت والجماعت علامہ تاج محمد حنفی، صدر اہلسنّت والجماعت خیبر پختونخوا علامہ عطاء محمد دیشانی اور صدر اہلسنّت والجماعت آزاد کشمیر علامہ تصدق حسین کشمیری نے نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ اورنگزیب فاروقی نے مرکز اہلسنّت مسجد صدیق اکبر میں جمعے کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ فرقہ واریت پر لعنت بھیجتے ہیں، ہمارا دل بہت وسیع ہے اس لیے دیوبندی، بریلوی اور اہلحدیث کا اتحاد چاہتے ہیں، صحابہ کرامؓ و اہلبیتؑ کی شان دنیا بھر میں بیان کرکے ہم نے محبت کا پیغام دینا ہے، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والی تمام قوتوں کو لگام دینا ملکی تحفظ کیلیے ضروری ہے۔