عورت اور خاندانی نظام کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھیں گے‘ جماعت اسلامی

230

لاہور( نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ ادریس نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عورت کے تحفظ اور خاندانی نظام کے وقارکی جدوجہد جاری رکھے گی۔عالمی طاقتیں اور ان کے ایجنٹس پاکستان میں خاندانی نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملک کی نظریاتی اساس کو نقصان پہنچے۔ سیکولرازم کے پیرو کاروں کی چالیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ مغرب میں عورت غیر محفوظ اور بے بسی کی زندگی بسر کر رہی ہے۔ اسلام نے عورت کو گھر کی ملکہ بنایا اور ماں کے قدموں کو جنت کا درجہ دیا۔ جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ ادریس نے سینیٹ الیکشن میں سیاسی اخلاقیات کے زوال کی بھی نشاندہی کی۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران جس طرح ارب پتیوں نے ضمیر برائے فروخت کے بورڈز لگائے اس سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر چند بڑی سیاسی جماعتیں عوام کو مسلسل بے وقوف بنا نے کی کوشش کر رہی ہیں، مگر اب حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ عوام نے تینوں بڑی پارٹیوں کے بیانیے کو پوری طرح سمجھ لیا ہے اور اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ ان سب کی سیاست مک مکا کی سیاست ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد آپشن ہے۔ ہم پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔جماعت اسلامی کی سیاست کلین سیاست ہے۔ ہم اسلامی جمہوری اقدار پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں۔ ہم فرد کے ذریعے معاشرے کی اصلاح چاہتے ہیں۔ قوم ہمارا ساتھ دے۔ ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے۔