سیاست میں پیسے، دھونس اور دھاندلی کا کلچر باقی رہ گیا، راشد نسیم

155

لاہور( نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں ووٹوں کی خریدوفروخت اور ارب پتیوں میں ٹکٹس کی تقسیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سیاست میں صرف پیسے، دھونس اور دھاندلی کا کلچر باقی رہ گیا ہے۔ میرٹ کی بنیاد پر فیصلے نہ ہونے کی وجہ سے ملک زبوں حالی کا شکار ہے۔ المرکزاسلامی پشاور میں اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ الیکشن میں زر اور زور کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں اور طاقتور لوگ اور ادارے سسٹم کو مفلوج کرتے ہیں، جس کے نتائج عوام کو بھگتنا پڑتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں کئی دہائیوں سے یہی عمل جاری ہے جس سے ادارے کمزور ہوئے ہیں اور عوام کی محرومیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پیسوں کی سیاست، سیاسی جماعتوں میں جمہوریت کا نہ ہونا اور کرپشن پاکستان کے مسائل کی جڑ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں سیاسی اقدار کی بحالی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور گراس روٹ لیول تک ایسی قیادت تیار کرنا چاہتی ہے جو گھسے پٹے نظام سے جان چھڑانے کی جدوجہد کرے اور ملک کی کشتی کو بھنور سے نکالے۔ انھوں نے اراکین جماعت پر زور دیا کہ وہ جماعت اسلامی کے پیغام کو گھر گھر اور گلی گلی پہنچائیں تاکہ ملک کو وہ منزل مل سکے جس کے لیے برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں نے جدوجہد کی تھی۔ جماعت اسلامی پشاور کے امیر عتیق الرحمن اور سابق امیر اقبال خلیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔